Pakistan Writers Welfare Association

تعارف

حوصلہ کے تعارف، مقاصد اور ممبر شپ کے بارے ایک مفصل تحریر صدر حوصلہ کی طرف سے

حوصلہ!
حوصلہ کچھ کردیکھانے کا ۔
حوصلہ بنو ایک دوسرے کا

تعارف
آپ ادب دوست اور علم نواز ہیں تو آپ خوب جانتے ہیں کہ ہمارے ملک میں ایک ادیب کی زندگی بھر ناقدری کی جاتی ہے۔ چند ایک لکھاریوں کو چھوڑ کر اکثر کے ساتھ یہی معاملہ رہا ہے کہ جب وہ زندہ ہوتے ہیں، انہیں مرنے کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے اور ان کے مرنے کے بعد "جگ دکهائی” کے لیے آنسو بہائے جاتے ہیں۔ کہیں لمبی لمبی پوسٹیں لکھی جاتی ہیں تو کہیں اس کی شان میں مقابلہ مضمون نویسی منعقد کیا جاتا ہے۔ اخبارات کے اشاعت خاص ایڈیشن اس کے علاوہ ہوتے ہیں۔ ویسے زندہ لکھاری کی عزت نفس "مجروح” کرتے ہوئے اس کی مدد کے لیے کئی "نام نہاد” کاوشیں بھی کی جاتی ہیں جن میں ایک ہزار کا نوٹ یا چیک دیتے ہوئے بھی درجن بھر لوگوں کا حلقہ تصویر بنوانے کے لیے موجود ہوتا ہے۔ لیکن یہ جز وقتی مدد کسی لکهاری کی مشکلات کا مستقل حل نہیں ہوتی، ہو سکتی بهی نہیں۔ 
احبابِ مروت اور محبت۔۔۔ دیکها جائے تو ہم ادیب کے فن کی قدر دانی اس طور بھی کر سکتے ہیں کہ ہمارا کوئی مالی نقصان بھی نہ ہو اور لکھاری کا اندرون بھی زخمی نہ ہو اور وہ شرمسار بهی نہ ہو۔
کچھ دوستوں نے اس خیال پر سوچا اور پھر یاسین صدیق، کوثر اسلام، ظہیر شیخ، خلیل مرتضی، عقیل شیرازی، گوہر سلیم، شبیر علوی، تفسیر بابر، سعدیہ ہما شیخ، زینب حسین، شائستہ جعفری، فہمی فردوس کے ابتدائی ساتھ سے کارواں بنتا چلا گیا ۔
پیارے ساتھیو!
دو باتوں کا سمجھنا اس تنظیم کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے ۔
پہلی بات یہ کہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 
ہم کسی لکھاری کو نہ بھیک منگا سمجھتے ہیں نہ بنانے کے قائل ہیں۔ ہر لکھاری اپنے لکھے کی بنا پر اپنا مقام حاصل کرئے گا۔ ہم کسی کو اپنے فنڈ سے ہزار دو ہزار کے راشن ڈلوانے کے قائل نہیں اس لیے لکھاری کو مدد اور حوصلہ اس کی کہانیوں اور کتابوں کی قیمت کی صورت میں ہی ملے گا۔
ہم کسی ادیب کے لیے مانگنے نہیں نکلے ہیں۔ یوں سمجھ لیں کہ ہم ایک لکھاری کے لیے مارکیٹنگ کرنے نکلے ہیں۔ ہم نے ادیب کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ایسے ممکنہ راستوں کا انتخاب کیا ہے جس سے وہ اپنے لکھاری ہونے کا زیادہ بہتر انداز میں فائدہ اٹھا سکے۔
اب یہاں یہ دیکھنا اور خیال رکھنا ضروری ہے کہ لکھاری واقعی لکھاری ہو۔ لکھنا ایک پیشہ ایک فن ہے، اگر لکھاری لکھ نہیں سکتا یا اس کے لکھے میں لوگوں کے لیے اپیل نہیں ہے متوجہ کرنے کی صلاحیت نہیں ہے تو ہم اس کے لیے کچھ نہیں کر سکتے۔ 
جو لکھاری ہے لیکن اس کی ناقدری ہو رہی ہے ہم اس کی سچی قدر دانی کو نکلے ہیں ۔ہم اس کے لکھے کے لیے ایک وسیع حلقہ ترتیب دے رہے ہیں جہاں اس کی تخلیقات اپنی بہتر قیمت پا سکیں اور اس کا سارا فائدہ لکھاری کو ہی مل سکے۔
دوسری بات
حوصلہ کے ممبرز کو کوئی مالی خسارہ نہیں ہو گا۔ ان کو ممبر شپ کے بدلے اسی مالیت کی نئی یا پہلے شائع شدہ کتابیں اور سہ ماہی ادبی مجلہ دیا جائے گا۔ آسان لفظوں میں یہ ایک ریڈر کلب کی طرز ہے جہاں ہم آپکے لیے کتابیں خریدیں گے لیکن منافع لکھاری کو ملے گا۔ آپکے لیے بہترین کتابیں خریدنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ یہ تاثر نہ جائے کہ کسی لکھاری پر رحم کھاتے ہوئے ترس کھاتے ہوئے ایک ایسی کتاب خرید لی گئی جو کہ کتاب کہلانے کے لائق نہیں تھی۔

مقاصد
ہمارے مقاصد اور کام کا طریقہ کار کچھ یوں ہے۔

اول ۔۔ لکھاری سے کتاب خریدنا۔
تمام حوصلہ ممبرز کے لیے لکھاری سے براہ راست کتابیں خریدی جائیں گئیں۔ اس طرح کتاب کا منافع اس لکھاری کو مل سکے گا اور اس کے لکھے کی حوصلہ افزائی بھی ہو سکے گی۔ یہ کام منظم طریقے سے کیا جائے گا ۔کتاب اور لکھاری کا فیصلہ ججز کریں گے۔ کوشش کی جائے گی کہ کتاب کی خریداری کے لیے حوصلہ کے عہدیداروں میں سے کوئی بنفس نفیس لکھاری سے ملاقات کرئے تاکہ لکھاری کی حوصلہ افزائی بھی کی جا سکے۔ فنانس سیکرٹری تمام ارکان کی طرف سے کتابوں کی قیمت ادا کریں گے اور یہ کتب تمام ممبرز کو بذریعہ ڈاک روانہ کر دی جائیں گی۔

دوم ۔۔ سہ ماہی حوصلہ 
ہر تین یا چار ماہ بعد حوصلہ کی طرف سے ایک محلہ کتابی صورت میں شائع کیا جائے گا۔ جس میں درجن بھر کہانیوں کا معاوضہ دیا جائے گا۔ البتہ نامور لکھاریوں کی طرف سے بھی بطور تعاون دی جانے والی کہانیاں اس کا حصہ ہوں گی۔ جبکہ انٹرویوز بھی اس کا حصہ ہوں گے۔ لکھاریوں کا فیصلہ ججز کریں گے ہر ادیب دو کہانیاں لکھ کر دے گا جبکہ کہانیوں کا حتمی انتخاب بھی اسی طرح ججز ہی کریں گے تاکہ قاری کو بہترین ادب پڑھنے کو ملے جوکہ قیمت کا بہترین نعم البدل ثابت ہو۔

سوم۔۔ کتابوں کی اشاعت
یہ مستقبل کا ایک منصوبہ ہے جس میں ایسے لکھاری جو حق دار ہوں، ان کی تحریر میں دم ہو تو حوصلہ کی طرف سے ان کی کتابوں کی اشاعت کا بندوبست کیا جائے گا اور یہ کتابیں تمام ممبرز کو تقسیم کر دیں جائیں گی۔ کتاب شائع کرنے سے پہلے اس کا معیار لازمی چیک ہو گا ۔اس کے لیے مجلس مشاورت کا فیصلہ حتمی ہو گا ۔جن کے فیصلے پر عمل ہو گا اور کمپوزنگ، پرنٹنگ اور پبلشنگ پر کوئی منافع نہیں لیا جائے گا۔ اس طرح ان شا اللہ مناسب ترین قیمت پر معیاری کتب شائع ہوں گی۔

چہارم ۔۔ کتابوں کا عطیہ
یہ بھی مستقبل کا ایک منصوبہ ہے جس میں ایک ایسا بک بنک بنایا جائے گا جس میں ممبرز کی طرف سے عطیہ کی جانے والی کتابیں رکھی جائیں گی۔ کتابوں کی فہرست وقتا فوقتا اضافہ جات کے ساتھ جاری کی جاتی رہے گی۔ ان کتابوں کی آمدنی حوصلہ کے فنڈ میں شامل کی جائے گی جس سے اور بہتر منصوبے تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔

ممبر شپ فیس
ممبرز کے لیے تین طرح کی ممبر شپس جاری کی گئی ہیں۔
۱۔ ڈائمنڈ ممبر شپ۔ 3000 روپے سالانہ ہے ۔جس میں ممبرز کو منتخب کتب اور مجلہ بھجوایا جائے گا۔
۲۔ گولڈن ممبر شپ۔ 1800 روپے سالانہ ہے۔ جس میں صرف منتخب کتب ہی ممبرز کو بھیجی جائیں گی۔
۳۔ سلور ممبر شپ۔ 1200 روپے سالانہ ہے۔ جس میں صرف ادبی مجلہ ہی ممبرز کو بھیجا جا سکے گا۔

آپ کسی بھی ایک کیٹیگری کی ممبر شپ لے سکتے ہیں اور ممبر شپ فیس یک مشت یا اقساط میں ادا کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کسی اور کو بھی کتابوں کا تحفہ دینا چاہیں تو کسی اور کے لیے بھی ممبر شپ لی جا سکتی ہے بس مندرجہ ذیل کوائف کے ساتھ دوسرے شخص یا ادارے کا پتہ ارسال کرنا ضروری ہو گا تاکہ کتب کی ترسیل بہتر طریقے سے ہو سکے۔ ہم آپکو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کا بھیجا گیا پوری ایمانداری سے خرچ کیا جائے گا اور آپ اپنی رقم کا حساب کتاب جب چاہیں مانگ سکتے ہیں۔ 
ممبر بننے کے خواہش مند افراد فیس کے ساتھ مندرجہ ذیل معلومات بھی فراہم کریں۔ فیس نیچے دئیے گئے نمبر پر جمع کرواتے ہوئے مطلوبہ معلومات ضرور بتائیں تاکہ ہمیں پتہ ہو کہ وصول ہونے والی رقم کا مالک کون ہے۔ 
اپنا نام
پیشہ / ملازمت
مکمل ڈاک ایڈریس 
واٹس اپ نمبر 
موبائل فون نمبر
ممبر شپ کیٹیگری

رابطہ
حوصلہ ویلفیئر ایسوی ایشن
علی گرافکس ایم بلاک امام بارہ گاہ روڈ بورے والا ضلع وہاڑی
رابطہ نمبر ،واٹس اپ، موبی کیش اکاونٹ 
03057711757
Khurram Shahzad

عہدے داران
صدر…. خرم شہزاد(اسلام آباد)
نائب صدر ۔۔۔ ایڈوکیٹ سعدیہ ہما شیخ 
یاسین صدیق (بورے والا)
جنرل سیکرٹری۔۔۔۔۔ محمد شبیراعوان(فیصل آباد) موبائل نمبر 03454903682 
لیگل ایڈوائزر۔۔۔۔۔ایڈووکیٹ زینب حسین(ساہیوال)

ایڈمن گروپ
مس فائزہ شیخ

خواتین ممبر شپ کے لیے اپنی معلومات محترمہ فائزہ شیخ کو بھیج سکتی ہیں۔
آپکو آگاہ کیا جاتا ہے کہ اپنے کوائف، معلومات اور ممبر شپ فیس صرف متعلقہ افراد کو ہی فراہم کریں۔ کسی دوسرے شخص کو رقم کی فراہمی آپ کے نقصان اور ہماری پریشانی کا باعث ہو سکتی ہے۔

آپ حوصلہ مند ہیں اور حوصلہ کے ممبر ہیں تو آئیے دوسروں کے لیے بھی حوصلہ بنیئے اور دوسروں کو بھی حوصلہ بننے کا حوصلہ دیجئے ۔۔۔ اپنے دوستوں اور ساتھیوں کو گروپ میں شامل کریں اور حوصلہ کے ممبر بنائیں۔
اگر آپ کے ذہن میں کوئی سوال ہے تو آپ یہاں پر بھی اور براہ راست مجھ سے پوچھ سکتے ہیں۔

خرم شہزاد 
صدر حوصلہ رائیٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن